کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش 'آئیڈیاز 2018' کا آغاز 67

بین الاقوامی دفاعی نمائش ‘آئیڈیاز 2018’ کا آغاز

دفاعی نمائش ‘آئیڈیاز 2018’ کا آغاز

کراچی میں جاری دفاعی ساز و سامان کی بین الاقوامی نمائش ’آئیڈیاز2018‘ کاباقاعدہ افتتاح صدر مملکت عارف علوی نے کیا۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی نمائش کے دوران موجود ہیں جب کہ وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں ، اس دوران وہ بھی نمائش میں شرکت کریں گے۔

4 روزہ نمائش میں 52 ممالک کے 260 مندوبین جب کہ 14 ممالک اپنے دفاعی سازوسامان کے ساتھ بھرپور انداز میں شریک ہیں ، اس کے علاوہ 6 ممالک کے ایئر چیفس بھی دفاعی نمائش میں شرکت کررہے ہیں۔ 30 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش کے دوران مختلف سیمینارز کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔

ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن کے مطابق رواں برس گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کچھ ممالک کا اضافہ ہوا ہے جن کے دفاعی وفود بھی نمائش میں شریک ہیں، نمائش میں ملکی اور غیرملکی کمپنیوں کے 500 اسٹالز لگائے گئے ہیں، جس کے ذریعے پاکستان اوردنیا بھر کے ممالک کے درمیان دفاعی صنعت، کاروبار اور تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ دفاعی نمائش میں پاکستان ایئر فورس کے اسٹال کے علاوہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے جبکہ جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق اور پاک فضائیہ کے تیارکردہ ڈرونز اور مختلف قسم کے سیمولیٹرز بھی نمائش میں پیش کئے گئے ہیں۔ آئیڈیاز 2018 کے دوران مختلف ممالک سے دفاعی معاہدوں کی یاداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔

4 روزہ نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر میں تینوں مسلح افواج کے نمائندے اپنی پیشہ ورانہ تربیت کا مظاہرہ بھی کریں گے جبکہ سی ویو نشان پاکستان پر عام شہریوں کے لیے ایئر شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا، دفاعی نمائش کے حوالے سے خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجرا بھی کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں